نئی دہلی:05 /مارچ(ایس اونیوز /آئی این ایس انڈیا) سابق فوجی سربراہ اور وزیر مملکت جنرل وی کے سنگھ نے بالاکوٹ ایئراسٹرائک کو لے کر بڑا انکشاف کیا ہے۔منگل کو وی کے سنگھ نے کہا کہ فضائیہ اسٹرائک صرف ایک جگہ ہوئی تھی۔انہوں نے کہا کہ ہندوستانی فضائیہ نے ٹارگیٹ کو پیچیدہ کیا تھا، تاکہ آبادی والا علاقہ یا کوئی عام شہری اس کی زد میں نہ آ جائے۔250 دہشت گردوں کے مارے جانے کو لے کر بی جے پی صدر امت شاہ کے بیان پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے وی کے سنگھ نے کہا کہ یہ اعداد و شمار اس پر مبنی تھا جو عمارت میں رہ رہے تھے،یہ ایک اندازہ ہے،وہ (امت شاہ) اس کی تصدیق نہیں کر رہے ہیں۔انہوں نے (امت شاہ) بہت دہشت گردوں کے مارے جانے کی بات کہی تھی۔جنرل وی کے سنگھ نے کانگریس لیڈر دگ وجے سنگھ کے بیان پر بھی اعتراض کیا۔اس کا جواب دیتے ہوئے جنرل وی کے سنگھ نے کہا کہ احترام کے ساتھ میں دگ وجے سنگھ جی سے پوچھنا چاہوں گا کہ کیا راجیو گاندھی کا قتل ایک حادثہ تھا یا ایک دہشت گردانہ واقعہ؟ ان بیہودہ بیانات سے ملک اور ہمارے مسلح افواج کے حوصلے کو کمزور نہ کریں۔
بھارت کی ایٹمی صلاحیت اور اس کے استعمال پر وی کے سنگھ نے کہا کہ ہندوستان ایک ذمہ دار ملک ہے اور ہم اپنی نیوکلیئر طاقت کا پہلے استعمال نہیں کرتے، لیکن اگر کوئی ہم پر استعمال کرتے ہیں، تو ہم دشمن کو تباہ کرنے کی پوزیشن میں ہیں،ہمارے پاس زمین، ہوا اور سمندر کی طرف سے اس کا استعمال کرنے کی صلاحیت ہے۔